شہباز شریف کو مہنگائی ،معیشت سے متعلق عوام کوگمراہ نہیں کرنا چاہیے ،حماد اظہر


 اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو مہنگائی اور معیشت سے متعلق عوام کوگمراہ نہیںکرنا چاہیے ،  عالمی منڈی میں مہنگائی کی وجہ سے پاکستان میں مہنگائی ہے،شہبازشریف پہلے بھی غلط تھے اور آج بھی معیشت کے حوالے سے  غلط ہیں۔

شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں حماد اظہر نے کہاکہ عالمی منڈی میں اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے ہم بہت سی اشیاء خاص کر کھانے پینے کی اشیاء باہرسے منگواتے ہیں ۔

ترقی یافتہ ممالک میں بھی 20,30 فیصد مہنگائی کی شرح چل رہی ہے جیسے ہی عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی پاکستان میں بھی قیمتیں نیچے آجائیں گی ۔

عالمی منڈی میں اشیاء کی قیمتیں کم ہونے کے کچھ کچھ اثرات نمودار ہورہے ہیں۔ عالمی سطح پر منہگائی سے متعلق عالمی ادارے بھی بات کررہے ہیں۔

ہمارے مخالفین کا مہنگائی پر باتیں کرنا لوگوں کودھوکا دینے کے مترادف ہے۔ اس سال ہماری معیشت کی شرح 5فیصد بڑھ رہی ہے جہاں معیشت 5فیصد بڑھ رہی ہوتی ہے وہاں بیروزگاری کم ہورہی ہوتی  ہے۔

عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت میں کمی آئی ہے ۔ شہباز شریف  کوچاہیے کہ عوام کو مہنگائی اور معیشت سے متعلق سچ بتائیں۔

شہباز شریف نے تو کورونا کے دوران مکمل لاک ڈائون کا مشورہ دیا اگرہم ان کے مشورے پر عمل کرتے تو ملک تباہی کے دہانے پر چلا جاتا۔

یہ کہنا کہ مہنگائی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہے لوگوں کودھوکا دینے کے مترادف ہے۔ اگر ن لیگ کی پالیسیوں کا تسلسل رہتا تو ملک تباہی کے دہانے پر ٹھہر جاتا۔