حرمت سود کے سلسلے میں محض اعلانات نہیں، اقدامات کی ضرورت ہے۔ فرید احمد پراچہ

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ حرمت سود کے سلسلے میں محض اعلانات نہیں، اقدامات کی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ سے صرف دو بنکوں کی اپیلیں واپس لینا کافی نہیں، بقایا 14درخواستوں کی واپسی بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وہ جامع مسجد بلال نیو گارڈن ٹاؤن لاہور میں حرمت سود کے موضوع پر خطبہ جمعہ دے رہے تھے۔ فرید پراچہ نے کہا کہ سود نے ہماری تمام معیشت کو کھوکھلا اور زہر آلود کر دیا ہے ۔ سود کا خاتمہ حکم ربانی، اعلان نبویۖ، منشائے شریعت، تقاضائے آئین پاکستان اور مطالبہ اسلامیان پاکستان ہے۔

سودی معیشت کے ذریعے رزق حرام کا ہر دن بلکہ ہر لمحہ ارباب حکومت کے گناہوں میں اضافہ کا سیلاب بن رہا ہے اور قرضوںکا بوجھ بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بے برکتی، مہنگائی، بے روزگاری کی وجہ سے عوام چیخ رہے ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تمام اپیلیں واپس لے اور علمائے کرام کی ٹاسک فورس کے ذریعے چھ ماہ میں سود کا مکمل خاتمہ کرے۔