اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے دائر کی گئی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔
عدالت عالیہ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیانِ حلفی کی خبر پر توہینِ عدالت کیس میں ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پر سماعت مقرر کی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ پیر 6 دسمبر کو درخواست کی سماعت کریں گے۔
واضح رہے کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ رائے نواز کھرل نے جمع کرائی ہے۔
رائے نواز کھرل ایڈووکیٹ نے رانا شمیم کے خلاف توہینِ عدالت کیس میں فریق بننے کی درخواست بھی دائر کی ہے اور موقف اپنایا ہے کہ کیس میں فریق بنائیں، ثبوت پیش کروں گا کہ رانا شمیم کرپٹ اور بددیانت ہیں۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رانا شمیم کے بیرونِ ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے، لہذا ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔