شہبازحکومت اعلانات کی بجائے سود کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرے ، ڈاکٹرطارق سلیم

راولپنڈی ( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ سود اللہ اوراس کے رسول ۖ کے خلاف کھلی جنگ ہے اللہ کی حدود پامال کرنے والے اسلام کے دشمن ہیں شہباز حکومت اعلانات کی بجائے سود کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے ،وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے والی نجی بینک بھی ہوش کریں او راپنی اپیل واپس لیں۔اداروں میں سنییارٹی اور میرٹ کی بنیاد پرتقرری کے قوانین سے مستقبل میں بحرانوں کا راستہ بند کیاجاسکتا ہے ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے امیرجماعت سراج الحق کی اپیل پریوم انسداد سود پرجمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پنجاب بھرکے اضلاع میں سود کے خلاف احتجاجی مظاہرے ،جمعہ کے خطبات سمیت دیگرسرگرمیوں کاانعقاد کیا گیا۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ انتخابی اصلاحات کے بعد شفاف الیکشن سے سیاسی اور معاشی بحران کا خاتمہ ممکن ہے، ادارے آئین وقانون سے ماورا اقدامات کر یں تو بحران پیداہوتے ہیں ہرادارے کوآئین میںدئیے گئے دائرہ کارکے مطابق ہی ورکنگ کرنی چاہیے ۔

انھوں نے کہاکہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کوکھوکھلا کردیا، مسنداقتدارپرقابض کرپٹ ٹولہ قومی خزانہ لوٹ رہا ہے جبکہ عدلیہ اور احتساب کے ادارے ذمہ داریاں پوری نہیں کررہے جس کے باعث چوراورڈاکوآزا د گھوم رہے ہیں ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت ہی ملک وقوم کی تقدیربدل سکتی ہے عوام بلدیاتی اورقومی انتخابات میں ترازو کے پشتیبان بن کرخوشحال پاکستان کے لیے اپناکرداراداکریں ۔