اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سمیت ملک کی سیاسی سماجی شخصیات نے اسٹیج اور ٹی وی کے معروف اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم کی اداکاری اور مزاح کے شعبے میں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اسماعیل تارا ایک اچھے اداکار اور کامیڈین تھے، اسماعیل تارا نے اپنی اداکاری سے مسکراہٹیں اور خوشیاں بکھیریں، صدر مملکت نے غمزدہ خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے مقبول اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات کے لئے دعا اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہمرحوم اسماعیل تارا مزاحیہ اداکاری میں منفرد مقام رکھتے تھے۔
انہوں نے پاکستان میں مزاح کو آرٹ کی ایک صنف کے طور پر مقبول کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے ناظرین کے ذہنوں پر ان کی اداکاری کے ان مٹ نقوش ہیں۔ خصوصاً پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام ففٹی ففٹی میں ان کی اداکاری یادگار رہے گی۔
ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سمیت ملک کی سیاسی سماجی شخصیات نے اسٹیج اور ٹی وی کے معروف اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں لکھا کہ اسماعیل تارا نے مشہور ڈراموں ففٹی ففٹی، ربر بینڈ، ون وے وکٹ سمیت متعدد اسٹیج ڈراموں، ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔