قرض کے بدلے پاکستان کے وسائل لکھ کر دینا خوفناک عمل ہے،خورشید شاہ


سکھر (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سیدخورشید شاہ نے کہا ہے کہ قرض کے بدلے پاکستان کے وسائل لکھ کر دینا خوفناک عمل ہے، گھر کے بھیدی نے پنڈورا باکس کھول دیا ، چوہدری سرور کے انکشافات سنگین ہیں۔

سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ  نے کہا کہ اپوزیشن نے کچھ نہیں کہا، یہ حکومتی لوگ انکشاف کر رہے ہیں، قرض کے بدلے پاکستان کے وسائل لکھ کر دینا خوفناک عمل ہے، پہلے کشمیر دے دیا، اب پاکستان دینا چاہتے ہیں۔پی پی پی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ کو بلا تاخیر نوٹس لینا چاہئے، سپریم کورٹ وزیرِ خزانہ کو بلا کر معاہدوں کی تفصیلات چیک کرے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی خود مختاری کے نام پر کیا گیا فیصلہ اس کی کڑی ہے، حکومتی ارکان کا کوئی نقصان نہیں، وہ بیرونِ ملک چلے جائیں گے، نقصان ملک کے 24 کروڑ عوام کا ہو گا، سیالکوٹ کا واقعہ افسوس ناک ہے، لیکن حکومت کچھ کرنا ہی نہیں چاہتی۔