اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر احمد شاہ کو آرمی چیف اورلیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعینات کر نے کا فیصلہ کر لیا، منظوری کے لئے سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردی۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایڈوائس صدر علوی کے پاس چلی گئی ہے۔ اب عمران خان کا امتحان ہے وہ دفاع وطن کے ادارے کو مضبوط بنانا چاہتا ہے یا متنازعہ۔ صدر علوی کی بھی آزمائش ہے کہ وہ سیاسی ایڈوائس پہ عمل کریں گے یاآئینی وقانونی ایڈوائس پہ۔ بحیثیت افواج کے سپریم کمانڈرادارے کو سیاسی تنازعات سے محفوظ رکھنا انکا فرض ہے۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹنٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور لیفٹنٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔