بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق، مثبت پیش رفت کا دعوی

 راولپنڈی(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے آرمی چیف سے ملاقات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری اور علی امین گنڈاپور کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، آرمی چیف کے سامنے پی ٹی آئی کے تمام مطالبات رکھے ہیں، دوسری جانب سے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میری اور علی امین گنڈاپور کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، آرمی چیف کے سامنے پی ٹی آئی کے تمام مطالبات رکھے ہیں،اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں۔بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ آرمی چیف سے ملاقات پشاور میں ہوئی ہے، دوسری جانب سے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔

دریں اثنا، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہیکہ میری اور بیرسٹر گوہر کی سیکیورٹی صورتحال پر دیگر جماعتوں کے ہمراہ آرمی چیف سے ملاقات ہوئی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میرا ایمان بہت مضبوط ہے، اگر میرے ذہن میں کوئی شبہ ہوتا تو مذاکراتی کمیٹی کا حصہ نہ بنتا،جو کچھ ہوگا مزاکراتی کمیٹی کے زریعے سب کے سامنے ہوگا۔