اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سمری پر صدر مملکت مجھ سے بات کریں گے۔
ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ اہم تقرری کی سمری سے متعلق صدرسے رابطے میں ہوں اور سمری سے متعلق صدر مجھ سے بھی بات کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ اہم تقرری پر وزیراعظم ایک مفرور کے پاس پوچھنے کیلئے جاتا ہے میں تو اپنی پارٹی کا سربراہ ہوں تو صدر میرے سے ضرور بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں جو حالات بنا دیئے گئے قوم میں جذبہ ہے اسے قبول نہیں کرے گی ملک جس طرح چلایا جا رہا ہے قوم اسے مزید قبول نہیں کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی سمجھتا ہے اپنا آرمی چیف لاکر ہمیں مار پڑوائے گا تو قوم اس کیخلاف کھڑی ہوگی مجھ پر جو حملہ ہوا شہبازشریف پورا ملوث تھا اور نوازشریف بھی جانتاہوگا۔