دوحہ (صباح نیوز)قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے دوحہ میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ اسرائیل اور حماس غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے پر ایک معاہدہ پر پہنچ گئے ہیں اور اس پر عمل درآمد اتوار سے شروع ہو جائے گا۔الثانی نے کہا کہ معاہدے کا پہلا مرحلہ 42 دن تک چلے گا اور حماس پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرے گی جس کے بدلے میں کچھ فلسطینی قیدیوں کی رہائی ہوگی۔ قطر، مصر اور امریکہ کو غزہ کی پٹی کے تنازعے کے لیے دونوں فریقوں کے لیے مشترکہ ثالثی کی کوششوں کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔
قیدیوں اور یرغمالیوں کے تبادلے اور پائیدار امن کی طرف واپسی کے حوالے سے ایک معاہدے تک پہنچنے میں کامیابی ملی ہے۔قطر کے وزیراعظم نے اس بات کی تصدیق کی کہ حماس پہلے مرحلے میں 33 قیدیوں کو رہا کرے گی۔ غزہ معاہدے میں امداد کی فراہمی اور ہسپتالوں کی بحالی شامل ہے۔شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا کہ پہلا مرحلہ 42 دن تک جاری رہے گا جس میں جنگ بندی ہوگی اور اس میں اسرائیلی افواج کا مشرق کی طرف انخلا بھی ہوگا۔ قطر کے وزیراعظم نے تمام فریقوں سے اپیل کی کہ وہ غزہ معاہدے پر عمل درآمد کا عزم کریں۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے حملوں میں 46 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔