تمام مکاتب فکر علمائے کرام نے سراج الحق کی جانب سے آئندہ جمعہ کو یوم انسداد سود کے طور پر منانے کے اعلان کی تائید کی ہے، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ تمام مکاتب فکر علمائے کرام نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی جانب سے آئندہ جمعہ کو یوم انسداد سود کے طور پر منانے کے اعلان کی تائید کی ہے۔

متحدہ علما کونسل پاکستان کے صدر مولانا عبدالر ؤف ملک،جنرل سیکرٹری سردار محمد خا ن لغاری،نائب صدر ڈاکٹر فرید پراچہ،ڈاکٹر عاطف وحید،مولانا عبدالغفار روپڑی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر حافظ ملک محمد سلیم عثمانی و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ علمائے کرام 25نومبر کاخطبہ جمعہ یوم انسداد سود کے موضوع پر دیں اور عوام کو سودی نظام کے خلاف آگاہی فراہم کریں۔

ڈاکٹر فرید پراچہ اور دیگر قائدین نے کہا کہ علما سودی نظام کے خاتمہ کے لیے متحرک کردار ادا کریں اور عوام کو تفصیل کے ساتھ تمام صورت حال سے آگاہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ نجی بنک عدالتی فیصلے کے خلاف اپیلیں واپس لیں ورنہ بائیکاٹ کے لیے تیار رہیں۔ قومی معیشت کو سود سے پاک کرنے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

انھوں نے کہا کہ پورے ملک میں 25نومبر کو ”یوم انسداد سود” کے طور پربھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سود کی لعنت سے چھٹکارہ حاصل کیے بغیر ملک میں ترقی، امن اور خوشحالی کسی صورت ممکن نہیں۔