اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب)کے حکام سخت سکیورٹی میں پی پی رہنما اور سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو لے کر احتساب عدالت پہنچے جہاں انہیں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے آغا سراج کے دو دن کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ آغا سراج کے وارنٹ گرفتاری ہیں، ان کو پہلی دستیاب پرواز سے کراچی منتقل کیا جائے گا لہذا ریمانڈ منظور کیا جائے۔
اس موقع پر جج محمد بشیر نے آغا سراج سے استفسار کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ اس پر پی پی رہنما نے کہاکہ انہیں کہیں کہ جلدی کراچی بھجوا دیں۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا پر آغا سراج درانی کا دو روز کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔