گوجرانوالہ(صباح نیوز)گوجرانوالہ کے اطراف جی ٹی روڈ 5ویں روز بھی بند رہا، سادھوکی کے مقام پر کنٹینرز موجود جبکہ مریدکے میں جی ٹی روڈ پر کالعدم تنظیم کے مظاہرین کا دھرنا جاری رہا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کالعدم تنظیم کی ریلی مریدکے میں ہی موجود ہے، مریدکے سے نارووال اور شیخوپورہ جانے والی سڑکیں پھر بند کردی گئیں، شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیر آباد کے مولانا ظفر علی خان چوک میں بھی کنٹینر لگے ہوئے ہیں ، دریائے چناب پل کے قریب کھودی گئی خندق کے باعث وہاں آمدو رفت مکمل بند ہے جبکہ دریائے چناب کے پل کو ریت کے ڈھیر لگا کر بند کیا گیا۔جی ٹی روڈ کے دونوں طرف پل بلاک کرنے کے لئے کنٹینر بھی لگائے گئے ۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم کے دھرنے اور شاہراہ کی بندش کے باعث گوجرانوالہ ریلوے اسٹیشن پر رش بڑھ گیا ، آمدورفت کے لئے شہریوں نے ٹرینوں کا استعمال بڑھا دیا ہے جس کے باعث ٹرینوں میں جگہ حاصل کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ۔