اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیرِاعظم عمران خان نے قانون کے مطابق گھڑی خریدی۔
اسلام آباد میں رہنما تحریکِ انصاف فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں سعودی بادشاہ نے ایک گھڑی عمران خان کو تحفے میں دی، گھڑی کی کیا قیمت ہے، یہ تنازع چلتا آ رہا ہے، جب تحائف پاکستان پہنچتے ہیں تو توشہ خانے کے حوالے کر دیئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف آف پروٹوکول تحفے وصول کر کے پاکستان لاتے اور توشہ خانے کے حوالے کرتے ہیں، کابینہ ڈویژن کے تحت تحائف کی ویلیو ایشن ہوتی ہے، قانون تھا کہ 20 فیصد ویلیو ایشن کی قیمت ادا کر کے تحفہ لے سکتے تھے، ہم نے قانون تبدیل کیا، اب 50 فیصد قیمت ادا کر کے تحفہ لے سکتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ گھڑی کی 10 کروڑ قیمت مقرر کی گئی، قانون کے مطابق 20 فیصد قیمت ادا کر کے گھڑی لی گئی، 5 کروڑ 70 لاکھ میں عمران خان نے مارکیٹ میں گھڑی بیچ دی، گھڑی بیچنے پر کیپٹل گین ٹیکس ادا کیا گیا، عمر ظہور نامی کسی شخص کو یہ گھڑی نہیں بیچی تھی، گھڑی بیچنے کے لئے فرح کے حوالے نہیں کی گئی، نہ ان کا اس سے تعلق ہے۔
انہوں نے عمران خان سے توشہ خانے کے تحائف خریدنے والے شیخ عمر فاروق ظہور کے حوالے سے یہ کہا ہے کہ عمر ظہور کے 3 بھائی ناروے کی جیل میں ہیں، عمر ظہور پر بھی کریمنل کیسز ہیں، عمر ظہور نے ماڈل صوفیہ مرزا سے شادی کی تھی، وہ جعلی کاغذات پر اپنے بچوں کو دبئی لے کر گئے، عمر ظہور کے خلاف دبئی میں قانونی کارروائی کا آغاز کر رہے ہیں۔