اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور صوبائی وزراء کو نوٹس جاری کردیا۔
جمعہ کو الیکشن کمیشن کے دورکنی بینچ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور صوبائی وزراء کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ صوبائی وزراء کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے مئوقف اختیار کیا کہ خیبر پختونخوا 19دسمبر کو بلدیاتی الیکشن ہونے جارہے ہیں ، وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزراء کو ضابط اخلاق کا پابند بنایا جائے۔
صوبائی وزراء کے وکیل نے کمیشن کے سامنے مئوقف اپنایا کہ کامران خان بنگش اور شوکت علی یوسفزئی کو نوٹس جاری کیا گیا، شوکت یوسفزئی تو جلسے میں شریک ہی نہیں تھے۔ ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار احمد درانی نے ریمارکس دیئے کہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی ہدایات تو پہلے ہی سب کو جاری ہو چکی ہیں ، سیاسی جماعتوں نے ضابطہ اخلاق بنایا ہے تواس پر عمل بھی کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 23دسمبر تک ملتوی کردی۔