اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اب سائفر کے معاملے سے دستبردار ہونے کی کوشش نہ کریں،حساب دینا ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ یوٹرن خان نے اپنی دہری سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا یوٹرن لے لیا ہے، اب کہتے ہیں سائفر کا معاملہ پیچھے رہ گیا، آئندہ الزام نہیں لگائوں گا،عمران خان کے جھوٹے بیانیے سے ملک کو جو سفارتی نقصان ہوا اس کا ذمہ دار کون ہے؟، آڈیو لیک میں صاف ظاہر ہوچکا ہے کہ عمران خان نے سائفر کے معاملے پر من گھڑت اور جھوٹا بیانیہ بنایا اور اس پر کھیلنے کی بھی منصوبہ بندی کی۔
سینیٹر نے کہا کہ عمران خان اب کہہ رہے یہ ماضی کا معاملہ ہے، جلسوں میں اسی بیانیہ پر انہوں نے ملکی اداروں کے خلاف الزام لگائے اور نفرت پھیلائی، یہ بیانیے کی دوڑ میں ملک کے مفاد کو بھی پیچھے چھوڑ دیتے ہیں، عمران خان اب سائفر کے معاملے سے دستبردار ہونے کی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ 35 پنکچر کا معاملہ نہیں جو بعد میں کہیں سیاسی بیان تھا، یہ قومی سلامتی کا معاملہ تھا جس کا عمران خان کو حساب دینا ہوگا، اس معاملے پر اب یوٹرن قابل قبول نہیں۔