اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ،پنجاب ، بالائی خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ سوات ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری کا آغاز ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرما کی پہلی ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برستے ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سرگودھا، فیصل آباد ، شورکوٹ ،سرائے عالمگیر، گجرات، پشاور ،دیربالا ،کوہاٹ،بنوں صوابی، چارسدہ ،خیبر سمیت کئی شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔
دوسری طرف گلیات میں برفباری کا آغاز ہو گیا۔غذر، چلاس، گلگت ، کشمیر سمیت سوات کے سیاحتی مقامات پر موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی جس سے موسم انتہائی سرد ہو گیا۔خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، اسلام آباد، بالائی، وسطی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔