اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر ریلوے اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن کے تین رکنی بنچ نے وزیر ریلوے اعظم سواتی کی جانب سے الیکشن کمیشن پر الزامات کے معاملے پر سماعت کی۔
الیکشن کمیشن نے سوال کیا کہ اعظم سواتی کہاں ہیں۔ جس پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا اعظم سواتی آج یہاں نہیں ہیں، اس لئے میں پیش ہوا ہوں۔بیرسٹر علی ظفر نے اعظم سواتی کے پیش نہ ہونے کی استثنیٰ کی درخواست دی۔ جس پر ممبر سندھ نے سوال کیا کیا اعظم سواتی الیکشن کمیشن کو نظر انداز کر رہے ہیں، گزشتہ سماعت پر وہ سینیٹ میں تھے، یہاں نہیں آئے۔ اس پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اعظم سواتی دو بار الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی۔اعظم سواتی کے وکیل علی ظفر نے تحریری معافی نامہ الیکشن کمیشن کے سامنے پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا میرے کسی الفاظ سے الیکشن کمیشن کی دل آزاری ہوئی تو معافی مانگتا ہوں، الیکشن کمیشن کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ ممبر سندھ نے کہا کہ تمام اداروں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے، اعظم سواتی کو پیش ہو کر معافی مانگنی پڑے گی۔الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔