اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خا ن کے تماشے بند ہونے کا وقت ہو چکا ہے ،ذاتی سیاست پر قومی مفادات قربان کرنے کے تماشے لگائے گئے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان خود تماشا بن چکا ہے اور چار سال سے فارن ایجنٹ نے ملک و قوم کو تماشا بنا رکھا ہے، عمران خان کے تمام تماشے بے نقاب ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ نے اِس ملک میں 2014 سے تماشا لگایا ہوا ہے، چار سال نالائقی ، نااہلی اور جھوٹ کا تماشا لگایا، چار سال الزام بہتان اور جھوٹ کا تماشا لگایا، عوام کے روزگار اور مہنگائی پہ تماشا لگایا۔
انہوں نے کہا کہ چار سال ملک میں لوٹ مار کے تماشے لگائے، گھڑیوں اور ہاروں کے لوٹ مار کے تماشے ہوتے رہے، لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے، شہدا کے خلاف غلیظ مہم چلانے، اداروں میں بغاوت کے تماشے لگائے گئے، ذاتی سیاست پر قومی مفادات قربان کرنے کے تماشے لگائے گئے، لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کے تماشے کئے گئے۔وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان اب آپ کے تماشے بند ہونے کا وقت ہو چکا ہے۔