سودی نظام پر وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کیخلاف حکومت کی اپیل واپسی کیلئے درخواست دائر


اسلام آباد(صباح نیوز) حکومت نے سود کو ممنوع قرار دینے کے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل واپس لینے کے لیے درخواست دائر کردی۔

وفاقی شرعی عدالت نے سودی نظام کے خاتمہ سے متعلق حکم جاری کیا تھا جس کے خلاف نجی بینکوں اور حکومت کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

اسٹیٹ بینک کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے اپیل واپس لینے کے لیے متفرق درخواست دائر کردی۔

درخواست میں اسٹیٹ بینک نے استدعا کی ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل زیر التوا ہے، شرعی عدالت کے خلاف اپیل واپس لینے کی متفرق درخواست منظور کی جائے۔

واضح رہے کہ 9نومبر کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سود سے متعلق فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل کو واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔