اسپیکر قومی اسمبلی نے شادی فارم میں ختم نبوت ۖ کا حلف نامہ شامل کرنے کیلئے قانونی سازی کی ہدایت کر دی


اسلام آبادا (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے نادرا اور پاسپورٹ فارموں کی طرز پر شادی رجسٹریشن فارم میں حضرت محمد ۖ کے خاتم النبیین ہونے کا حلف شامل کرنے کے لیے حکومت کو ضروری قانون سازی کی ہدایت کر دی ۔

کمیٹی کی جانب سے اس بل میں ضابطہ کار ایوان میں پیش کیا جائے گا ۔ ہاؤس مکمل طور پر اس حلف نامے پر متفق ہو گیا ۔ جمعرات کو جے یو آئی کے رہنما مولانا جمال الدین نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شادی رجسٹریشن فارم میں نادرا اور پاسپورٹ فارم کی طرز پر  حضرت محمد ۖ کے خاتم النبیین ہونے کا حلف نامہ شامل کرنے کے لیے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا ۔ حکومت کی جانب سے پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر سجاد نے توجہ دلاؤ نوٹس کی  حمایت کی اور کہا کہ وہ دل و جان سے اس نوٹس کے محرکین کو سپورٹ کرتے ہیں ۔ حضرت محمد ۖ خاتم النبیین تسلیم کئے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہو سکتا  ۔

جمال الدین نے کہا کہ ملک میں بعض مرزائی اور قادیانی مسلمان لڑکیوں سے شادی کر لیتے ہیں ان بے چاری  لڑکیوں کو علم بھی نہیں ہوتا اور یہ ان قادیانیوں کا شکار ہو کر رہ جاتی ہیں ۔ صلاح الدین ایوبی ، عالیہ کامران نے بھی اس معاملے پر اظہار خیال کیا ۔ پارلیمانی سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ میں مکمل طور پر ان کی تائید کرتا ہوں ۔

جمال الدین نے مطالبہ کیا کہ شادی رجسٹریشن فارم میں حلف نامے کو شامل کرنے کو فوری طور پر نافذ العمل کیا جائے اور اس حوالے سے  رولنگ جاری کی جائے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کمیٹی اس معاملے کا جائزہ لے گی ۔ ضروری قانون سازی یا قواعد میں تبدیلی کے لیے بل ایوان میں پیش ہو گا ۔ سارا ایوان اس معاملے میں متفق ہے ۔