عرفان صدیقی کا احتجاجی اساتذہ کے مسائل کا نوٹس،قائمہ کمیٹی کا اجلاس طلب


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کے احتجاجی اساتذہ  کے مسائل کا نوٹس لے لیا گیا۔سینیٹر عرفان صدیقی نے حکومت اور احتجاجی استاتذہ کا موقف سننے کے لئے 07دسمبر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا اجلاس طلب کر لیا ۔

اجلاس کے لئے جاری کردہ خصوصی اضافی ایجنڈے میں اسلام آباد کے سینکڑوں سکولوں کے احتجاجی اساتذہ اور دیگر عملے کے مسائل پر بحث کو شامل کرلیا گیا ہے۔

اس مقصد کے لئے وزارت تعلیم کے حکام اور احتجاجی اساتذہ اورعملے کے نمائندوں کو بھی بلایا جا رہا ہے تاکہ دونوں طرف کا تفصیلی موقف سننے کے بعد کمیٹی کوئی رائے قائم کرے۔

اخبار رنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کا انتہائی قابل احترام طبقہ ہے۔

ان کا سٹرکوں پر آکر اپنے مطالبات پیش کرنے کی وجہ حکومتی بے حسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی اس اہم مسئلے پر اپنا بھر پور موقف دے گی۔