اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی کابینہ نے روس سے تین لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی۔گندم حکومتی سطح پر372ڈالر فی ٹن کے حساب سے خریدی جائے گی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کے31اکتوبر کے فیصلے کی سرکولیشن سمری کے زریعہ منظوری دی ہے۔
روس سے تین لاکھ ٹن گندم کی درآمد کا عمل 15جنوری2023تک مکمل ہو گا۔ روس نے پاکستان کو گندم کی فراہمی کی پیشکش کی تھی۔ حکومت پاکستان نے روس کی جانب سے کی گئی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے خریداری کا عمل شروع کیا ہے۔
روس سے پورٹ پر گندم فی کلو 89روپے میںپڑے گی اور ٹرانسپورٹیشن اخراجات الگ سے ہوں گے۔ پورٹ پر فی40کلو گرام گندم 3568روپے پر پڑے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گندم کی خریداری کاآخری ٹینڈر 373ڈالرز میں کیا گیا تھا۔