پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق غیرذمہ دارانہ بیان کومسترد کردیا


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق غیرذمہ دارانہ بیان کو مسترد کردیا۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ  بھارت یاد رکھے مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے زمینی حقائق مختلف ہیں، بھی جے پی قیادت جھوٹے دعوے کرنے سے باز رہے۔

ایک بیان میں ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد کا کہنا ہے کہ راج ناتھ سنگھ کا بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے، ریمارکس پاکستان کیخلاف بھارتی دشمنی کی عکاسی کرتے ہیں۔

عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد ترقیاتی کام محض دھوکا ہیں، بیان مسئلہ کشمیر کے تاریخی حقائق مسخ کرنے کی بھونڈی حرکت ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت یاد رکھے مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے زمینی حقائق مختلف ہیں، آزاد کشمیر آزاد اور دنیا بھر کیلئے قابل رسائی علاقہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو 75 سال سے وسیع جیل بنا رکھا ہے، توسیع پسندانہ ذہنیت کے بھارت کی نظریں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پر ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کا آبادیاتی ڈھانچہ بھی تبدیل کرنے کا خواہاں ہے، مشورہ ہے بی جے پی قیادت جھوٹے دعوے کرنے سے باز رہے۔