وفاقی حکومت کا ای وی ایم کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے پر حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی،

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز کی زیر صدرات ای وی ایم سے متعلق بین الوزارتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بابر اعوان، وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحسن شریک ہوئے۔

اجلاس میں آئندہ انتخابات میں ای وی ایم اور آئی ووٹنگ کے استعمال سے متعلق امور زیر غور آئے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراد نے وفاقی حکومت کی جانب سے ای وی ایم اور آئی ووٹنگ پر الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی،  مالی، اسٹوریج، ٹیسٹنگ لیب سمیت دیگر ضروریات پر بھی تعاون کیا جائیگا۔شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے آئندہ تمام الیکشن ای وی ایم اور آئی ووٹنگ پر ہوں، یہ ایک ایسا خواب ہے جسے ہم حقیقت بنانا چاہتے ہیں۔