ای بی ایم کاز وے کی فوری مرمت اور فلائی اوور جلد بنایا جائے۔حافظ نعیم الرحمن


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حالیہ مون سون کی بارشوں میں شہر کے بیشتر علاقوں کو کورنگی صنعتی ایریا سے ملانے والی مصروف سڑک ای بی ایم کازوے کی مکمل تباہی کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضیٰ وہاب کی جانب سے اس کی مرمت اورپل کی تعمیر کے اعلان کے باوجود تاحال کام شروع نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ای بی ایم کاز وے شہر سے کورنگی انڈسٹریل ایریا تک آسان اورجلد رسائی کے لیے تعمیر کیا گیا تھا جس پر روزانہ ہزاروں افراد شہر سے کورنگی انڈسٹیریل ایریا میں آمد و رفت کرتے ہیں، اس اہم ترین سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے اور ٹریفک کے شدید دباؤکے باعث شہری بالخصوص صنعتکاراور مزدور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے کی وجہ سے شہری شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکارہیں، اس لیے کورنگی کاز وے کی فی الفور مرمت کی جائے اور طے شدہ منصوبے کے مطابق فلائی اوور کی تعمیر کی جائے ،بصورت دیگر ہم اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل تاجروں اور صنعتی ایریا کے مزدوروں کے ساتھ مل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے اپنے بیان میں مزیدکہاکہ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی بارشوں کے بعد لٹھ ندی میں طغیانی کے ساتھ ہی ملیر ندی بھی بے قابو ہو گئی تھی اور کورنگی کاز وے و کراسنگ روڈ بھی زیر آب آگئی تھی ، انتظامیہ نے فوری طور پر دونوں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کردیں تھیں ۔کورنگی کازوے اور کراسنگ روڈ بند ہونے سے ٹریفک کا سارا دباؤ جام صادق علی برج پر آگیا تھا۔آئندہ اس صورتحال کے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ سندھ حکومت اپنے اعلانات پر عمل درآمد کرے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ بارشوں کے دوران کورنگی صنعتی علاقے میں ٹریفک کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرلیتا ہے اور آئندہ سال بھی مئی سے مون سون کے دوران شدید بارشوں کے بعد کورنگی کازوے قابل استعمال نہیں ہوگا ۔