کراچی(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ موجودہ حالات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تحریک کے کارکنان کا جدید ذرائع ابلاغ کو بہترین انداز میں سیکھنا اور دعوت دین کے میدان میں ان کا استعمال ناگزیر ہے۔زمین پر اللہ کے نظام کے قیام اور تبلیغ دین کی ذمہ داری کو بھر پور انداز سے ادا کرنے کے لئے تمام تدابیر و وسائل کا پوری قوت سے استعمال کریں۔
ان خیالات کا اظہار ثمینہ سعید نے شعبہ تربیت جماعت اسلامی کی طرف سے جاری آن لائن کمپیوٹر لٹریسی کورس کے دوسرے بیج کی تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ شعبہ تربیت کی کارکردگی قابل تحسین ہے کہ انہوں نے کہا کہ زندگی کے مصروف عمل میں خواتین ذمہ داران میں موجود صلاحیتوں اور قابلیتوں کو نکھارا۔ جماعت اسلامی کردار سازی کے ساتھ پیشہ وارانہ اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی وابستہ افراد کی مہارتوں میں اضافے کی عملی کوشش کرتی ہے۔آج کے دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے دیگر ضروریات کے ساتھ درس و تدریس کے میدان میں بھی کمپیوٹر کا استعمال ضروری اور اہم ہے،
ثمینہ سعید نے کہا کہ کمپیوٹر لٹریسی کورس سے مستفید ہونے والی کامیاب خواتین دیگر افراد کو بھی جدید وسائل سے استفادے کے قابل بنائیں۔ خواتین کی جدید ٹیکنالوجی میں مہارت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مشن کی موثر اشاعت کا ذریعہ بنے گی اور اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی طرف نمایاں پیش رفت ثابت ہوگی۔ قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ تربیت طیبہ عاطف نے کورس کے اغراص و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں کامیاب طالبات کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔