اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کراچی میں دو معصوم شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خون میں رنگے ہاتھ قانون کی گرفت میں لائے جائیں۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ہجوم کے ہاتھوں دو معصوم شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عدم برداشت، تشدد اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے اسباب اور رجحانات کی بیخ کنی کرنا ہوگی۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ آئے روز ہجوم کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کے واقعات پورے معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ مکمل تفتیش اور قانونی کارروائی کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کو جلد ازجلد انصاف دلوا کران کے تحفظات دور کیے جائیں۔ میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روزکراچی کے علاقے مچھرکالونی میں ٹیلی کام کمپنی کے دو ملازمین علاقے میں موبائل فونز سگنلز چیک کرنے آئے تھے،ایک بچے سے راستہ پوچھنے پر لوگوں نے اغوا کار سمجھ کر بیہیمانہ تشدد کرنا شروع کردیا جس پر دونوں ملازمین موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔