عالمی برادری پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ افراد کی مدد کرے،شازیہ مری


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ/چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی ) شازیہ مری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے دوچار افراد کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ/چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی ) شازیہ مری اور اے آئی سی ایس کی ڈائریکٹر ایمانویلا بینینی (Emanuela Benini) کے درمیان بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات ہوئی ،پاکستان اوراٹیلین ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کارپوریشن (اے آئی سی ایس )نے موسمیاتی تبدیلی، سماجی شعبے کے امور، پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کی تعمیر نو کے حوالے سے مل کر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی، سیکرٹری بی آئی ایس پی یوسف خان، ڈی جی(او ایم)بی آئی ایس پی حماد خان اور بی آئی ایس پی کے دیگر حکام موجود تھے۔ شازیہ مری نے اے آئی سی ایس کی ڈائریکٹر کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بی آئی ایس پی کا مقصد معاشرے کے پسماندہ طبقات بالخصوص خواتین کو سماجی تحفظ کا ایک جامع نظام فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے مصائب ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور حالیہ تباہی میں لوگوں کی جانوں اور املاک کے بڑے نقصان پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں، بہت سے لوگ اپنے گھروں، ملازمتوں اور کاروبار سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، بڑی تعداد میں مویشی اور فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، ہزاروں افراد اب بھی بے گھر ہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ ابتدائی سروے کے مطابق حالیہ سیلاب سے تقریبا 33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں اوربی آئی ایس پی کو ملک کے آفت زدہ علاقوں کے 26 لاکھ خاندانوں میں 66 ارب روپے سے زائد رقوم تقسیم کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بی آئی ایس پی اپنے دیگر پروگراموں کے ساتھ ساتھ مستحقین کو سہ ماہی بنیادوں پر 7000 روپے بھی فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے اے آئی سی ایس کی ڈائریکٹر کو بی آئی ایس پی اور وزارت کے دیگر منصوبوں کے بارے میں بتایا جن میں بینظیر نشوونما، بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام، انڈر گریجویٹ سکالرشپ پروگرام اور صحت پروگرام شامل ہیں۔وفاقی وزیر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور پاکستان کے ان لوگوں کی مدد کریں جو موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات/مسائل کا شکار ہیں۔

ڈائریکٹر اے آئی سی ایس ایمانویلا بینینی (Emanuela Benini) نے وفاقی وزیر شازیہ مری کوضرورت مند افراد کی فلاح و بہبود کے حوالے سے سماجی تحفظ کے اقدامات پر مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں دونوں فریقین نے آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور سماجی شعبے کے دیگرپہلوئوں پر مل کر کام کرنے کا عہد کیا تاکہ تخفیف غربت کے ذریعے غریب افراد کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا جاسکے۔