کراچی(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیر میں رائے شماری کشمیریوں کا بنیادی انسانی اور جمہوری حق ہے۔
آصف علی زرداری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی بات یہ ہے کہ مودی کی مقبوضہ کشمیر میں جارحیت کے موقع پر پاکستان میں عوام کی منتخب حکومت نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت ہوتی تو صدر، وزیراعظم، وزیر خارجہ سکون سے نہ بیٹھے ہوتے، آج مقبوضہ کشمیر دنیا کی بڑی جیل دکھائی دیتا ہے۔سابق صدر کا کہنا ہے کہ ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر رائے عامہ تیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں رائے شماری کشمیریوں کا بنیادی انسانی اور جمہوری حق ہے، انسانی آزادی کی بات کرنے والی مہذب دنیا کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جبر کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی شہید بھٹو کا عہد اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا، پاکستان پیپلزپارٹی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جمہوری جدوجہد کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔