منی بجٹ آنا باقی ہے، تباہی سرکار کو عوامی مشکلات کا اندازہ ہی نہیں،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ منی بجٹ آنا باقی ہے، تباہی سرکار کو عوام کی مشکلات کا کوئی اندازہ ہی نہیں۔

ان خیالات کا انہوں نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ تباہی سرکار کی وجہ سے سرکاری طور پر مہنگائی کی شرح9.2فیصد سے بڑھ کر11.5فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو کہ گذشتہ 12ماہ کے دوران ایک ریکارڈ ہے۔کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں اس سے بھی زیادہ ہیں اور دیہی سطح پر مہنگائی کی شرح بھی ریکارڈ توڑنے والی ہے۔ ابھی منی بجٹ آنا باقی ہے، عوام کی مشکلات کا کوئی اندازہ ہی نہیں، منی بجٹ سے پہلے ہی مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اکتوبر میں مہنگائی 9.2فیصد تھی جو نومبر میں 11.5فیصد رہی۔ بحران سرکار کی وجہ سے مہنگائی 21ماہ میں بلند ترین سطح پر ہے۔ آئی ایم ایف کے بنائے منی بجٹ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔یہ ملک کو بوکھ اور بدحالی کی طرف دھکیل رہے ہیں ۔1سال کے اندر آٹا 10.26 فیصد، گھی 58.28اور کنگ آئل 53.59فیصد مہنگا ہوا ہے۔ 1سال میں بجلی کی قیمت میں 47.87فیصد اور پیٹرولیم مصنوعات 40.81فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے باوجود یہ منی بجٹ پیش کرنے کا اعلان کر رہے۔ ملک کو منی بجٹ کی نہیں اس نااہل حکومت سے چھٹکارے کی ضرورت ہے۔