شہباز شریف کی  شی جن پنگ کو تیسری مرتبہ کمیونسٹ پارٹی چین کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے شی جن پنگ کو تیسری مرتبہ کمیونسٹ پارٹی چین کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ  یہ انتخاب چینی عوام کی خدمت کے لئے شی جن پنگ کی دانشمندانہ قیادت کو ایک شاندار خراج تحسین ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کو چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کا تیسری مرتبہ جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارک دی ہے۔

اس تہنیتی پیغام کو بیرون دنیا سے آنے والے مبارکباد کے پیغامات میں سب سے پہلے چین میں نشر کیاگیا۔

چین میں نشر کردہ پیغام میں کہا گیا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، جو پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر بھی ہیں، نے اپنے پیغام میں کہا کہ صدر شی جن پنگ کی بہترین قیادت میں چین نے ہر شعبے میں بنی نوع انسان کی خدمت میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ جنرل سیکرٹری شی جن پنگ کا مقصد مساوات، انصاف اور ہم آہنگ عالمی گورنس نظام قائم کرنا ہے۔

انہوں نے ممالک کے درمیان پرخلوص اور دوستانہ تعاون کی روح کے فروغ میں فعال کردار ادا کیا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور حکومت کی جانب سے چین کے صدر شی جن پنگ کو تیسری مدت کے لئے کمیونسٹ پارٹی چین(سی پی سی) کے جنرل سیکرٹری کے طور پر دوبارہ انتخاب پر مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ انتخاب چین کے عوام کی خدمت کے لئے شی جن پنگ کی دانشمندانہ قیادت اور غیر متزلزل لگن کو ایک شاندار خراج تحسین ہے۔