سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتہ کیسزکی سماعت کیلئے بینچز تشکیل


اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس آئندہ ہفتے سماعت کے لئے مقررکردیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز االاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیٰ خان آفریدی اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بینچ عمران خان کے خلاف وزارت داخلہ کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر بدھ 26اکتوبر کودن ایک بجے سماعت کرے گا۔

وفاق نے سیکرٹری داخلہ کے زریعہ عمران خان کے مجوزہ لانگ کو روکنے اور عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی درخواست دائرکررکھی ہے۔ جبکہ چیف جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سید منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی خصوصی بیچ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نیب ترمیمی آرڈیننس کے خلاف دائر درخواست پر کل(سوموار)کے روز دن ایک بجے سماعت کرے گا۔عمران خان نے بذریعہ سیکرٹری قانون وانصاف ڈویژن کے زریعہ وفاق کو درخواست میں فریق بنایا ہے۔ عمران خان کی جانب سے خواجہ حارث احمد اپنے دلائل جاری رکھیں گے جبکہ وفاق کی جانب سے سینئر وکیل مخدوم علی خان اور اٹارنی جنرل اشتراوصاف علی دلائل دیں گے جبکہ نیب کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل دلائل دیں گے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الااحسن ، جسٹس منیب اختر،جسٹس یحیٰ خان آفریدی اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بینچ منگل 25نومبر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی ایڈوائس پرریکوڈک کے معاملہ پر بھجوائے گئے صدارتی ریفرنس پرابتدائی سماعت کرے گا۔ عدالت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو پیش ہونے کی ہدایت جاری کی گئی۔ سماعت دن ایک بجے منعقد ہو گی۔ جبکہ چیف جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل تین رکنی بینچ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے دوہری شہریت چھپانے کے معاملہ پر 62ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل پر 27اکتوبر کو سماعت کرے گا۔

فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بذریعہ سیکرٹری الیکشن اوردیگر کو فریق بنایا ہے۔ فیصل واوڈا کی جانب سینئر وکیل بیرسٹر وسیم سجاد پیش ہو کر دلائل دیں گے جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سجیل شہریارسواتی پیش ہوں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھوڑو کی جانب سے سینیٹر فاروق ایچ نائیک پیش ہو ں گئے جبکہ عدالت نے معاونت کے لئے اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتراوصاف علی کو بھی نوٹس جاری کررکھا ہے۔ جبکہ آئندہ ہفتے کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 10بینچ تشکیل دیئے گئے ہیں جن دو5 رکنی لارجر بیچ،5 تین رکنی بینچ اور تین دورکنی بینچ شامل ہیں۔ تمام بینچ اسلام آباد کی پرنسپل سیٹ پر کیسز کی سماعت کریں گے۔ چیف جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل تین رکنی بینچ 24سے28اکتوبر تک کیسوں کی سماعت کرے گا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس یحیٰ خان آفریدی اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل تین رکنی بینچ 24سے28اکتوبر کیسوں کی سماعت کرے گا۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل تین رکنی بینچ 24سے26اکتوبر تک کیسوں کی سماعت کرے گا۔ جسٹس اعجاز الااحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل تین رکنی بینچ24 سے26اکتوبر تک کیسوں کی سماعت کرے گا۔جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل دورکنی بینچ دن ساڑھے 11بجے کے بعد 24اکتوبر سے 27اکتوبر تک کیسوں کی سماعت کرے گا۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان پر مشتمل دورکنی بینچ 27اور28اکتوبر کو کیسوں کی سماعت کرے گا۔ جبکہ جسٹس اعجازالااحسن کی سربراہی میں جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل دورکنی بینچ 27اور28اکتوبر کو کیسوں کی سماعت کرے گا۔