کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہی کیلئے دفاع، خارجہ، قومی سلامتی کے سیکرٹریز پیرکو پارلیمانی کمیٹی میں طلب


اسلام آباد (صباح نیوز) جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے حوالے سے 27اکتوبر کے یوم سیاہ کی سرکاری تیاریوں سے آگاہی کے لئے پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا اجلاس (پیرکو) طلب کرلیا گیا ، آزاد کشمیرر کے صدر اور وزیراعظم کو بھی مدعو کرلیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امورکشمیر وگلگت بلتستان قمر زمان قائرہ یوم سیاہ کے سلسلے میں حکومتی پروگرام سے آگاہ کریں گے۔

قومی سلامتی ،خارجہ اور دفاع کے سیکرٹریز کو بھی طلب کرلیا گیا ۔حریت رہنما  یاسین ملک کی اہلیہ مشعل ملک کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔اس خبررساں ادارے کے مطابق پارلیمینٹ کی خصوصی کشمیر کمیٹی کا مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے جائزہ کے لئے پیر کو غیرمعمولی نوعیت کا بند کمرے کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔بھارت کے خلاف 27 اکتوبر 2022کو یوم سیاہ منانے کے حوالے سے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

آزادکشمیر کی اعلی قیادت  بشمول وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ جب کہ دفاع، خارجہ امور، قومی سلامتی ڈویژن ،داخلہ اور وزارت  امورکشمیر کے سیکرٹریز کی جانب سے کمیٹی کو کشمیر کی تازہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔چیئرپرسن کشمیر پیس اینڈ کلچر اور یاسین ملک کی اہلیہ مشعل ملک کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ حکومتی نمائندوں کو 27اکتوبر 2022کو یوم سیاہ منانے کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا اجلاس کئی ماہ کے بعد ہوگا ،اجلاس کی کاروائی ان کیمرہ ہوگی۔