ایک بار پھر پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوئے، شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)فیٹف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوئے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے،عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو۔
وزیراعظم شہبازشریف  نے  فاٹف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ  اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان کو فاٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی،  پاکستان کا سربلند ہونے پر میری گردن اللہ تعالی کے حضور شکر سے جھکی ہوئی ہے، عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیاہے، فاٹف میں شامل ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا،
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزارت خارجہ ، تمام متعلقہ حکام اور وزارتوں کو مبارک پیش کرتا ہوں، افواج پاکستان، ڈی جی ایم او سمیت دیگر تمام ٹیم کو مبارک دیتا ہوں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اس کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہتے ہیں اور مبارک دیتے ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں اور قائدین کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے بھرپور تعاون سے یہ ممکن بنایا، الحمداللہ! سابق وزیراعظم نوازشریف کی طرح ایک بار پھر پاکستان کو فاٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوئے،  این آراو کی تہمتیں برداشت کرکے قومی مفاد کی خاطر اپوزیشن میں بھی ہم نے اس معاملے پر پورا تعاون کیا، ہم نے ہمیشہ قومی اور ریاستی مفاد کو ترجیح دی، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے آج یہ کامیابی عطا فرمائی ۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ گرے لسٹ سے نجات کے پاکستان کی معیشت، سفارت اور سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے، ان شااللہ آنے والے وقت میں ملک اور قوم کے لئے اور بھی خوش خبریاں آئیں گی۔