امن اور استحکام صرف اسی صورت میں حاصل کیا جا سکتا ہے، جب قانون کی حکمرانی اور ریاست کی رٹ قائم ہو، آرمی چیف


راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا این ڈی یو کا دورہ، 24 ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب، سپہ سالار نے واضح کیا کہ پاکستان کئی چیلنجز کا سامنا کرکے ہر بار مضبوطی سے ابھرا، قانون کی حکمرانی اور ریاست کی رٹ قائم کرکے ہی امن اور استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 24 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جوابی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لئے قومی سطح پر ہم آہنگی اور مشترکہ ردعمل آگے بڑھنے کے لئے ناگزیر ہے۔

پاکستان نے کئی چیلنجز کا سامنا کیا اور ہر بار مضبوط ہوکر ابھرا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اس کی واضح مثال ہے، جو پوری قوم کے تعاون کے نتیجے میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیا کہ امن اور استحکام صرف اسی صورت میں حاصل کیا جا سکتا ہے، جب قانون کی حکمرانی اور ریاست کی رٹ قائم ہو۔