عمران خان کے سلیم صافی پر الزامات،پی ایف یو جے نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان فیڈرل یونین اف جرنلسٹس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے سینئر صحافی سلیم صافی کے اوپر کرپشن کے الزامات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ”فیکٹ فائنڈنگ” کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی سات ارکان پر مشتمل ہو گی جن میں پی ایف یو جے کے تین، سول سوسائٹی سے ایک جبکہ پی ٹی آئی کے تین نمائندے شامل ہوں گے اور کمیٹی کے ارکان مکمل ہونے کے بعد پندرہ روز میں یہ کمیٹی فیصلہ کرنے کی پابند ہو گی۔

پی ایف یو جے کی طرف سے صدر افضل بٹ، سیکرٹری جنرل ارشد انصاری اور سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ پی ٹی آئی کے تین ارکان کی نامزدگی عمران خان کریں گے جبکہ سول سوسائٹی کے ایک نمائندہ کا فیصلہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سینئر صحافی سلیم صافی کا نام لے کر ان پر کرپشن کے الزامات کے بعد پی ایف یو جے کے عہدیداروں نے تفصیلی غور کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ شعبہ صحافت کے تقدس کا تقاضا ہے کہ ہمارے کسی صحافی ساتھی پر کوئی سیاسی جماعت یا لیڈر کرپشن کا الزام عائد کرے تو انہیں اپنا الزام ثابت کرنے کیلئے پورا موقع دینا چاہئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔

اس ضمن میں پی ایف یو جے نے فیصلہ کیا ہے کہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر کے تحریک انصاف اور اس کے چیئرمین عمران خان سے ان کے الزامات کے ثبوت طلب کئے جائیں گے جس کے بعد سلیم صافی کے سامنے وہ ثبوت رکھ کر انہیں صفائی کا موقع دیا جائے گا۔ ان ثبوت کی روشنی میں سلیم صافی کیخلاف الزامات ثابت ہو گئے تو پی ایف یو جے ان کیخلاف تادیبی کارروائی کرے گی۔اگر تحریک انصاف یا اس کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے سلیم صافی پر لگائے گئے الزامات درست ثابت نہ ہوئے یا وہ کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے تو پھر الزام عائد کرنے والوں کیخلاف فیصلہ ہو گا۔ پی ایف یو جے نے تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صحافیوں پر بغیر ثبوت کے الزام لگانے کی بجائے کسی بھی صحافی کیخلاف اس کمیٹی کو ثبوت فراہم کریں تاکہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے شعبہ صحافت کے تقدس کو بحال کیا جا سکے۔