اسلام آباد(صباح نیوز) پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس چھ دسمبر کو طلب کر لیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اجلاس کی صدارت کریں گے۔
مشیر قومی سلامتی معید یوسف نیشنل سکیورٹی پالیسی پر بریفنگ دیں گے۔ چاروں وزرائے اعلی، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلی گلگت بلتستان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ایک نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف ، بلاول بھٹو زرداری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کو دعوت نامے جاری کر دیے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، مولانا اسعد محمود کو بطور ممبر کمیٹی مدعو کیا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی، قائد ایوان شہزاد وسیم بھی کمیٹی کے ممبر کے طور پر مدعو ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ، مولانا غفور حیدری سمیت 29 ممبران کمیٹی کو مدعو کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کو بھی خصوصی طور پر بھی مدعو کیا گیا ہے