اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرِ اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے گندم کی فراہمی کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں وزیرِ اعلی پنجاب پرویز الہی نے 10لاکھ ٹن گندم کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں انہوں نے پنجاب کو 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فوری فراہمی کی درخواست کی ہے۔وفاق کو بھیجے گئے مراسلے میں درخواست کی گئی ہے کہ وزراتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور پاسکو کو ہدایات جاری کی جائیں، بقیہ گندم بھی مرحلہ وار فراہم کی جائے ، پنجاب میں گندم فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔واضح رہے کہ پنجاب گندم کے معاملے پر پہلا مراسلہ 18جون، دوسرا 19ستمبر اور تیسرا 4اکتوبر کو متعلقہ اداروں کو لکھ چکا ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے صاحبزادے، سابق وفاقی وزیر مونس الہی نے ایک بیان کے ذریعے وفاق کو خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت پنجاب کے لوگوں پر ظلم کر رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے ہمیں گندم میں اپنا حصہ دینے سے انکار کر دیا ہے، ہمیں گندم درآمد کرنے کی اجازت بھی نہیں دے رہے۔مونس الہی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب میں گندم کا بحران پیدا ہو رہا ہے، امید ہے کہ وفاق کو وزیرِ اعلی پنجاب کے خط سے اس ضمن میں احساس ہو گا۔