نواز شریف، عمران خان کے بعد شہباز شریف بھی جلد مجھے کیوں نکالا کا نعرہ لگائیں گے، سراج الحق


کراچی/جیکب آباد (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف، عمران خان کے بعد شہباز شریف بھی جلد مجھے کیوں نکالا کا نعرہ لگائیں گے، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف اسٹیبلشمنٹ کے گملوں میں پلے اورپرورش پارہے ہیں، پی ڈی ایم اور تحریک انصاف نے ملکر کشمیر کو انڈیا کے حوالے کیادونوں نے ملکر اسٹیٹ بینک اور نسلوں کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، انہوں نے ہی ملکر ٹرانس جینڈر بل پاس کیا، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کی سیاست اسٹیبلشمنٹ کی چھتری کے سائے میں ہورہی ہے، سندھ کے لوگ سیلاب اور بارش سے نہیں بلکہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے تباہ ہوئے ہیں، لاکھوں لوگ سڑکوں کے کنارے کھلے آسمان تلے اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، بیماریوں کی وجہ سے متاثرین مررہے ہیں لیکن حکمرانوں کے کتے اور جانور بھی پلاؤ اور بریانی کھاکر اے سی کے کمروں میں پل رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے ڈی سی چوک پر سیلاب متاثرین کی امداد میں تاخیر اور کرپشن کے خلاف منعقدہ احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھاکہ پی ڈی ایم، پی ٹی ائی اور پیپلزپارٹی شیطانی کھیل کی سیاست کر رہے ہیں جن کا جمہوریت و عوام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جن 70 ارب کا اعلان کیا تھا ابتک اس کا کوئی اتا پتا نہیں ہے کیا یہ لوگ جب مرجائیں گے تب ان کے قبروں پر پیسے پھینکے گے۔ بلاول بھٹو جب سے وزیر خارجہ بنے ہیں وہ پاکستان گھومنے آتے ہیں کیونکہ وہ متاثرین کا سامنا نہیں کرسکتے۔ پیپلزپارٹی تسلسل کے ساتھ 14 سال سے سندھ پر برسراقتدار ہے مگر اس نے سندھ اور سندھیوں کی تباہی بربادی اور محرومیوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ہے۔سندھ کے عوام نے جن کو کندھوں پر اٹھا کر اقتدار تک پہنچایا ہے ان کی نگاہ میں ان کے کتوں، گھوڑوں اور جانوروں کا مقام تو ہے لیکن انسان کا نہیں۔ یہ ظالم درندے ہیں ان سے نجات پانے کا اب وقت آچکا ہے، سندھ کے اندر 10لاکھ ایکڑ زرعی زمین میں اب بھی پانی کھڑا ہے ۔آم اور کیلے کے باغات تباہ ہوچکے ہیں ۔سندھ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ 15اکتوبر تک پانی ٹھکانے لگائیں گے اور لوگ گندم کی فصل کاشت کریں گے لیکن اب تک ایسے کوئی آثار نظر نہیں آرہے۔

  انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ظالموں کا ساتھ دیکر اقتدار تک پہنچایا سندھ میں یزیدوں اور قاتلوں کا راج ہے، سندھ کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا کہ یہ ہمیں انصاف، تعلیم اور روزگار فراہم کریں گے لیکن سندھ کے عوام کے بار بار تجربوں سے ثابت ہوا کہ پیپلز پارٹی کے وڈیروں نے صرف اپنی جائیدادیں اور بینک بیلنس میں اضافہ کیا اور عوام کے لیے انہوں نے کچھ نہیں کیا، پیپلز پارٹی کے ظالم حکمرانوں کو عوام پر ترس نہیں آرہا، بلاول بھٹو زرداری بیرون ملک میں قیام پزیر ہیں کیوں کہ وہ عوام کا سامنا کرنے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو نہ خیمے ملے نہ راشن اور نہ پانی نکالنے کے لیے کوئی انتظامات کئے گئے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی میں آرام کررہے ہیں جبکہ عوام کے گھر، کھیت سب کچھ تباہ ہوگیا ہے، سیلاب متاثرہ کیمپوں میں خواتین مردہ بچوں کو جنم دے رہی ہیں، ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق 6 لاکھ سے زائد حاملہ خواتین سڑکوں کے کنارے رہ رہی ہیں جہاں انہیں صرف چاول فراہم کئے جارہے ہیں، خوراک کی کمی کی وجہ سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ جو بچے پیدا ہونگے، وہ معذور ہوجائیں گے، سندھ حکومت نے سندھ کے عوام کی نسلوں کو تباہ کیا ہے، وفاقی اور سندھ حکومت کو کھربوں روپے امداد ملی ہے لیکن اس کے باوجود لوگ بھوک سے مررہے ہیں، حکمران نے غیرت مند عوام کو بھیک مانگنے پر مجبور کردیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو صرف اپنے ذاتی مفادات عزیز ہیں یہ سب شیطانی سیاست کررہے ہیں ان کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں، یہ جمہوریت کے ساتھ بھی دھوکا کررہے ہیں جبکہ اسلام کے بارے میں بھی کہتے ہیں کہ اسلامی ٹچ دیا کرو باقی اسلام پر عمل کرنا ضروری چیز نہیں سمجھتے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، پی ڈی ایم اور تحریک انصاف نے ملکر پاکستان کو تباہ کیا ہے،پاکستان کے لوگوں کو آئی ایم ایف کا غلام بنا کر پاکستان کو امریکہ کا تابعدار بچہ بنایا ہے، جوبائیڈن ہمیں دھمکی دے رہا ہے کہ پاکستان کے پاس ایٹم بم نہیں ہونا چاہئے، جوبائیڈن اب 78سال کا ہوگیا ہے اسے گھر پر بیٹھنا چاہئے ،اب تمہارا دماغ کام نہیں کررہا۔  انہوں نے نشہ کرکے ایسی بات کی ہے، پاکستان ایک حقیقت ہے ہم امریکہ کی خدائی کو نہیں مانتے ،ہم صرف اللہ اکبر پر اعتماد اور ایمان رکھتے ہیں۔ایٹم بم کا غلط استعمال پاکستان نے نہیں بلکہ امریکہ نے خود کیا تھا، امریکہ نے دوسرے ممالک پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں اپنی مرضی کی حکومت اور اپوزیشن رکھتا ہے تاکہ کہیں اس ملک میں نظام مصطفی والا نہ آجائے،

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور تحریک انصاف نے ملکر کشمیر کو انڈیا کے حوالے کیا، ٹرانسجینڈر بل پاس کیا، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، پاکستان کی آئندہ نسلوں کو آئی ایم ایف کا مقروض بنادیا،سراج الحق نے کہا کہ جب یہ حکومت سے محروم ہوتے ہیں تو کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، نواز شریف کو جب حکومت سے نکالا گیا تو نعرہ لگایا کہ مجھے کیوں نکالا پھر عمران خان جب حکومت سے نکالے گئے تو اس نے بھی کہا کہ مجھے کیوں نکالا اب چند دن بعد شہباز شریف کا نعرہ بھی یہی ہوگا کہ مجھے کیوں نکالا۔انہوں نے کہا کہ ان کی ساری سیاست اسٹیبلشمنٹ کی مرضی اور تابع ہے، ان کا اپنا کوئی ایجنڈا نہیں، ان کی لڑائی صرف یہ ہے کہ مجھے استعمال کرو میں زیادہ تابعدار ہوں، اس لیے جماعت اسلامی ان کی گندی سیاست سے دور ہے، ہم پاکستان اور عوام کی خدمت، ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ پر یقین رکھتے ہیں۔جلسہ عام سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، ممتاز حسین سہتو، مولانا نصراللہ عزیز، عبدالحفیظ بجارانی، دیدار علی لاشاری، مجاہد چنہ، صادق ملغانی، ہدایت اللہ رند اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔