کراچی( صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکانزئی کو فائرنگ کرکے شہید کرنے کے واقعے پر شدید افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو بلوچستان میں دہشتگردی کا تسلسل قرار دیا ہے۔
انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ دشمن طاقتیں پاکستان خصوصاً بلوچستان ،سوات اور فاٹا میں امن امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے درپے ہیں،محمد نورمسکانزئی ایک محب وطن سچے پاکستانی تھے جنہوں نے پاکستان میں عدلیہ کا وقار بلند کرنے کیلئے بہترین فیصلے دیئے،سود کیخلاف ان کا فیصلہ تاریخ میں سنہری الفاظ کے ساتھ یاد کیا جائے گا، ان کی شہادت بہت بڑاالمیہ ہے ۔بلوچستان ملک کا سب سے حساس صوبہ ہے جہاں پر آئے روز فوج،پولیس،ایف سی اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے علاوہ اہم شخصیات اور سولین افراد پر حملے ہوتے رہتے ہیں اتنی اہم شخصیت کیلئے مناسب سیکورٹی کے انتظامات نہ ہونا سوالیہ نشان ہے،امن دشمنوں کا بلوچستان پر ایک بار پھر بھرپور وار اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشتگردوں کے پاس ایسے حملوں کیلئے مؤثرمنصوبہ بندی موجود ہے جس کو ختم کرنے میں ہماری سیکورٹی ایجنسیاں ابھی تک کامیاب نہیں ہوسکی ہیں، صوبائی امیر نے مطالبہ کیا کہ شہید محمد نور مسکانزئی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ دوبارہ ایسے واقعات کا سدباب ہوسکے۔#