عمران خان کا گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایف آئی اے کی جانب سے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کئے جانے کے بعد ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان نے ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتاری سے بچنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

عمران خان کی جانب سے دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی اے نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے تاکہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں۔

دریں اثنا اسسٹنٹ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ اسد خان کی جانب سے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر 3اعتراضات عائد کردیئے گئے، جس میں کہا گیا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرائی، ایف آئی آر کی غیر مصدقہ نقل لگائی گئی جبکہ خصوصی عدالت میں جانے سے پہلے ہائی کورٹ کیسے آسکتے ہیں۔