کور کمانڈر پشاورکی میران شاہ میں عثمان زئی جرگہ کے عمائدین سے ملاقات


راولپنڈی(صباح نیوز)کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات کی میران شاہ میں عثمان زئی جرگہ کے عمائدین سے ملاقات، قیام امن کے لئے قبائلیوں کی قربانیوں کو سراہا، کور کمانڈر نے یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج مقامی لوگوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے شمالی وزیرستان کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گرینڈ عثمان زئی جرگہ کے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی، کور کمانڈر نے علاقے میں قیام امن کے لئے قبائلیوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ پاک فوج مقامی لوگوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

اس موقع پر شمالی وزیرستان کے ملک اور مشران نے علاقے میں امن کی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے جاری کوششوں پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے کور کمانڈر کو سیکیورٹی فورسز کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا بھی یقین دلایا۔