مفتاح اور ڈار کے متضاد بیانات نے آئی ایم ایف پروگرام پرمزید پیچیدگیاں پیدا کردیں،فواد چوہدری


اسلا م آباد(صباح نیوز)  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چو ہدری نے کہا ہے کہ  مفتاح اسماعیل  اور اسحق ڈار کے متضاد بیانات نے آئی ایم ایف پروگرام پرمزید پیچیدگیاں پیدا کردیں ۔

سماجی رابطے کمی ویب سائٹ ٹوئٹرپر بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ مفتاح اسماعیل اور اسحق ڈار کے متضاد بیانات نے آئی ایم ایف پروگرام پرمزید پیچیدگیاں پیدا کردیں،یہ حکومت تاریخ کی سب سے احمق ٹیم پر مشتمل ہے۔آدھی کابینہ کے پاس محکمے ہی نہیں ہیں اور جن کے پاس ہیں ان کو اپنے کام کا پتہ نہیں،وزارت آئی ٹی سے ایک ڈیش بورڈ نہیں بنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیب کیسز ختم کرنے کا کام مہارت سے جاری ہے ،چوری اور ڈکیتی کیسز کنارے لگا ئے جارہے ہیں اور دھڑا دھڑ بریت ہو رہی ہے۔

دریں اثنا پاکستان تحریکِ انصا ف کے رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ عدالتی اصلاحات بے حد ضروری ہیں، چیف جسٹس کے از خود نوٹس اختیار اور مقدمات مقرر کرنے سے متعلق بھی اصلاحات ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین یا قانون میں ترمیم کسی ایک شخص کے لئے نہیں ہونی چاہیے، بینچ کی تشکیل سمیت تمام معاملات میں ترامیم ہونی چاہئیں۔