صدرمملکت کو نیدر لینڈز، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، فن لینڈ، زمبابوے اور سینیگال کے نامزد سفرا ء نے سفارتی اسناد پیش کیں


اسلام آباد(صباح نیوز)صدرمملکت کو نیدر لینڈز، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، فن لینڈ، زمبابوے اور سینیگال کے نامزد سفرا ء نے سفارتی اسناد پیش کیں،سفرا سے ملاقات میں عارف علوی نے  موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بین الاقوامی شراکت داری مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو نیدر لینڈز، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، فن لینڈ، زمبابوے اور سینیگال کے نامزد سفرا کی جانب سے سفارتی اسناد پیش کی گئی۔  جس کے بعد نامزد سفرا ء نے ملاقات بھی کی۔ صدر مملکت سے پاکستان میں نیدرلینڈز کے نامزد سفیر  نے ملاقات کی، جس سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ مختلف شعبوں میں طویل المدتی اور کثیر الجہتی شراکت داری کا خواہاں ہے،نیدرلینڈز یورپی یونین میں پاکستانی مصنوعات کی دوسری بڑی برآمدی منزل ہے ، امید ہے کہ نیدرلینڈز پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ ڈنمار کے نامزد سفیر نے  بھی ملاقات کی۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ڈنمارک کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنی سستی اور اعلی معیار کی خدمات اور مصنوعات ڈنمارک کو پیش کر سکتی ہیں،  انھوں نے اقتصادی تعلقات اور عوامی روابط مزید بہتر بنانے کیلئے دونوں ممالک کے مابین سفر میں آسانی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سوئٹزرلینڈ کے سفیر  سے ہونے والی ملاقات کے دوران صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ  پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ معیشت ، تجارت ، سماجی و اقتصادی ترقی اور انسانی امداد کے شعبوں میں شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، سوئس کمپنیاں پاکستان کے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں ،پاکستان میں دنیا بھر سے سیاحوں کو راغب کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے،  پاکستان سوئٹزرلینڈ کی سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت سے سیکھ سکتا ہے۔اعلامیہ کے مطابق صدر عارف علوی سے پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر  نے  بھی ملاقات کی۔ جس سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت  نے پاکستان اور فن لینڈ کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

صدر مملکت کی پاکستان میں زمبابوے کے ہائی کمشنر سے بھی ملاقات ہوئی، صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان زمبابوے کے ساتھ زرعی، دواسازی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے ،  صدر مملکت سے پاکستان میں سینیگال کے سفیر نے  بھی ملاقات کی۔ جس سے بات چیت میں صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان سینیگال کو مغربی افریقی خطے کا اہم ملک سمجھتا ہے ، انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔سفرا سے ملاقاتوں کے دوران صدر مملکت نے  موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بین الاقوامی شراکت داری مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان سمیت ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی مدد کرنے کا عزم کرے صدر مملکت نے سفرا کو گرین ہائوس گیسوں کے اخراج کی وجہ سے آنے والے حالیہ تباہ کن بڑے سیلاب کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے ، پاکستان کو غیر معمولی سیلاب ، جنگلات میں آگ، گرمی کی لہر اور خشک سالی کی صورت میں موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، صدر مملکت نے حالیہ سیلاب کے دوران پاکستان کی مسلسل مدد پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ امید ہے کہ عالمی برادری سیلاب سے متاثرہ آبادی کی امداد ، بحالی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کیلئے اپنا تعاون مزید بڑھائے گی۔