حکومت پاکستان پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر قائد اعظم کی کشمیرپالیسی کا احیاء کرے، ڈاکٹر خالد محمود خا ن


راولاکوٹ (صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمود خا ن نے کہاہے کہ کشمیریوں کی لازوال اور بے مثال قربانیاں  کشمیرکی آزادی ور ہندوستان کے حصے بخرے کرنے کا عنوان بنیں گی ،کشمیریوں کا جرات بہادری اور استقامت کے ساتھ ڈٹے رہنا آزادی کی نوید ہے،حکومت پاکستان نریندرمودی کے ناقابل قبول ،متعصبانہ اورظالمانہ اقدامات کے خلاف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر قائد اعظم کی کشمیرپالیسی کا احیاء کرے،کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں،حق خودارادیت اور وحدت کشمیرپر پوری قوم اور جماعتوں کا اتفاق ہے،کشمیریوںنے آزادی کے لیے 5لاکھ شہداء پیش کیے ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے،

ان خیالات کااظہاراانھوں نے شبان المسلمین کے زیرا ہتمام اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوںنے کہاکہ حکومت پاکستان اس نازک اور اہم مرحلے پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرے معاشی بحران اور عالمی دباؤ سے نکلنے کے لیے اقدامات کرے،معاشی مسائل اور عالمی دباؤ کے نتیجے میں کسی کمزوری کا شکار ہوئے بغیر آگے بڑھے ،کشمیر کی آزادی برصغیرکے موجود ہ نقشے میں تبدیلی لائے گی ہندوستان ٹوٹے گا اور پاکستان مستحکم ہوگا،مودی کے ظالمانہ اقدامات کے نتیجے میں ہندوستان کا نام نہاد جمہوری اور سیکولر چہرے بے نقاب ہواہے حکومت پاکستان عالمی سطح پر ان موافق حالات سے استفادہ کرے اور جارحانہ سفارتی مہم منظم کرے۔