رسالپور(صباح نیوز)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو اس کی کمزوری نہیں سمجھا جائے۔
اصغرخان اکیڈمی میں پاک فضائیہ کی 146ویں گریجویشن تقریب کا انعقاد ہوا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے اور عالمی امن کے لیے پاکستان نے بڑی قربانیاں بھی دیں لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس میں پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کی امیدوں کو پورا کیا ہے۔