کوئٹہ(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ امریکی غلامی سے نجات اوربدعنوانی ختم کیے بغیر ملک میں ترقی وخوشحالی نہیں آسکتی ۔معیشت پر بدعنوان عناصر کا قبضہ ہے جوصرف آئی ایم ایف کے غلام اور بدعنوان ہیں ۔ بدقسمتی سے ملک میں قانون وانصاف نام کی کوئی چیزنہیں قانون اگر ہے توصرف غریبوں پر لاگو ہے سرمایہ داروں بدعنوان سیاستدانوں پر قانون لاگو نہیں ۔ایک دن سب سے بڑا بدعنوان جبکہ پھر وہی فرد آشیر باد سے ہیرو بنا دیا جاتاہے اسلامی نظام ،قانون کی حکمرانی اور انصاف کا بول بالا ہوناوقت کی اہم ضرورت ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ بدعنوان سیاستدانوں کا علاج بچوں کی تعلیم وتربیت اور کاروبار باہر ہوتے ہیں جبکہ حکمرانی ونوکری پاکستان میں کرتے ہیں ۔بیوروکریٹ جو بیرون ملک رہتے ہیں وہ حکومت پاکستان سے تنخواہ،مراعات کیوں وصول کرتے ہیں ۔ اسحاق ڈار علاج کی غرض سے ملک سے گئے تھے، ان پر سنگین قسم کے مقدمات ہیں ، ان کو پہلے اپنے اوپر قائم مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔ اسحاق ڈار کی واپسی اور اہم ترین عہدے پر تعیناتی سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ پاکستان میں قانون کا اطلاق صرف اور صرف غریبوں پر ہوتا ہے جو جتنا بڑا چور ،ڈاکو، لیٹرا اور اثر و رسوخ رکھتا ہے اس کے لیے قانون اتنا ہی نرم ہے۔ ملک کے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ اگر قانون کا احترام نہیں ہوگا تو معاشرہ حیوانیت کا شکار ہوجائے گا۔قانون سب کیلئے یکساں ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے انصاف کا بول بالا ہوگا تو ہرفردکو انصاف ملیگاقوم کو خوشحالی ملیگی اورپریشانی بدعنوانی ختم ہوگی عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت 9ماہ کی کم ترین سطح پر ہے ۔ فی بیرل 80ڈالر کا ہوچکا ہے۔ مگر بد قسمتی سے پاکستان میں آج بھی پٹرول کی پرانی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں۔ حکومت پڑول پر فی لیٹر 46روپے ٹیکس وصول کر رہی ہے۔لوگوں کا مہنگائی سے کچومر نکل چکا ہے،عوام کو ریلیف فراہم کرنے پٹرول کی قیمت میں واضح کمی کی جائے۔اہل بلوچستان کو ایرانی پٹرول سستے قیمت پر فراہم کیے جائیں