کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکومت دنیا بھر سے متاثرین کیلئے آئی ہوئی امانتیں سیلاب متاثرین میں دیانت داری سے تقسیم کریں ۔الخدمت فائونڈیشن جماعت اسلامی نے ملک بھر میں متاثرین کی مددکرنے میں تاریخ رقم کی یہ سب اللہ کے فضل وکرم اور مخیر حضرات ورضاکاروں کے تعاون سے ممکن ہوا ہم بحالی تک سرگرمیاں جاری رکھیں گے کوئٹہ میں خیمہ بستی ،فیلڈہسپتال میں متاثرین کی ضروریات خوراک، علاج، بچوں کی تعلیم کا خصوصی خیال رکھ کر گھر جیسا ماحول دیا گیا ہے۔مخیر حضرات کی امانتوں کو دیانت سے خرچ کرنے والے صرف الخدمت فائونڈیشن ہے جس کی پوری قوم گواہ ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے سریاب میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم الخدمت خیمہ بستی کے دورے کے دوران متاثرین وذمہ داران اور الخدمت کے رضاکاروں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا اس موقع پر نائب امیر صوبہ مولانا عبدالکبیر شاکر ، صدر الخدمت فائونڈیشن کوئٹہ عبدالمجید سربازی ، قائمقام امیر ضلع ڈاکٹرنعمت اللہ،کیمپ انچارج بلال قلندرانی ودیگر ذمہ دارا ن بھی موجودتھے۔اس موقع پر کیمپ میں متاثرین کو سہولیات وضروریات کے حوالے سے صدرالخدمت کوئٹہ عبدالمجید سربازی نے وفد کو بریف کیا ،
مولانا عبدالحق ہاشمی نے مزید کہاکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں طبی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔ صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے بھی ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرے۔ سیلابی علاقوںمیں تعفن پھیلنے کی وجہ سے ڈینگی، ملیریا، ہیضہ اور دیگر خطرناک بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، لوگوں کو ادویات میسر نہیں اور طبی عملہ کی شدید کمی ہے۔ بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے تمام علاقوں میں میڈیکل کیمپ بنائے جائیں۔ سیلاب کی وجہ سے کسانوں کو بڑا نقصان ہوا، لوگوں کی کھڑی کھیتیاں اور مویشی پانی میں بہہ گئے۔ حکومتیں کسانوں کو کاشت کے لیے منظورشدہ اقسام کے بیج اور دیگر زرعی مداخل کی مفت فراہمی یقینی بنائے، کاشت کاروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ متاثرہ لوگوں کو ایک سال تک بجلی کے بل معاف کیے جائیں۔ سرکاری امداد کی تقسیم کی شفاف بنیادوں پر تقسیم نہ ہوئی تو حکمران ذمہ دار ہوں گے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن نے امدادی سرگرمیوں میں تاریخ رقم کی، بھرپور اعتماد پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ملک اور قوم کی خدمت جاری رکھیں گے، کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان خوشحال بلوچستان کا حصول ہماری منزل ہے