الخدمت کی جانب سے 8مو بائل واٹر فلٹریشن پلانٹس سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لئے روانہ


لاہور(صباح نیوز) الخدمت کی جانب سے 8 ریورس اسموسس واٹر فلٹریشن پلانٹس سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے روانہ کردیئے گئے۔

اس حوالے سے الخدمت کمپلیکس لاہورمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی سیلاب متاثرین کے لئے ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث ڈائریا اور دیگر بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے متاثرہ علاقوں میں 13 فکسڈ واٹر فلٹریشن پلانٹس جبکہ صاف پانی کو دور دراز علاقوں تک پہنچانے کے لیے7موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹس کا اہتمام کیا ہے۔ ایک پلانٹ 2 ہزار لیٹر فی گھنٹہ پانی صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ الخدمت نے ہر خیمہ بستی سمیت متاثرہ علاقوں میں جگہ جگہ واٹر ٹینکس رکھے ہیں۔ سکھراور جیکب آباد (سندھ)،راجن پور(جنوبی پنجاب)اور جعفرآباد(بلوچستان)میں موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے ان ٹینکرز کی باقاعدگی کے ساتھ ری فلنگ کی جاتی ہے، اِس کے علاوہ 9 ہزار سے زائد جیری کینز بھی تقسیم کئے گئے  ہیں۔ روزانہ 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

ان فلٹریشن پلانٹس کے ساتھ جلد ہی ٹریکرز نصب کئے جائیں گے تاکہ ان کی متاثرہ علاقوں میں نقل و حرکت کا ریکارڈ زیادہ موثر انداز میں مرتب کیا جاسکے۔انشاء اللہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک صاف پانی کی فراہمی کاسلسلہ جاری رکھا جائے گا۔صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی اور نیشنل ڈائریکٹر صاف پانی پروگرام سید راشد داؤد سمیت آغوش یوکے، لائنز کلب انٹرنیشنل، یوسی 3، مسٹر ٹی اور شملاز کے نمائندگان بھی موقع پر موجود تھے۔